اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے بیرون ملک امور کے سربراہ خالد مشعل نے کرونا سے وفات پانے والے جماعت کے سرکردہ رہ نما اور سابق وزیر وصفی قبھا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق خالد مشعل نے وصفی قبھا کی تعزیت کے لیے لگائے گئے کیمپ سے خطاب میں کہا کہ وصفی قبھا ایک قومی لیڈر تھے اور ان کی قوم اور قضیہ فلسطین کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر وصفی قبھا اپنی تقاریر، موقف اور اپنے انداز کی وجہ سے منفرد لیڈر تھے۔
انہوں نے کہا کہ وصفی قبھا نے دشمن کے خلاف جنگ لڑی، قربانیاں دیں، مظالم کے سامنے ثابت قدمی دکھائی اور آخر کار شہید ہو کراپنے رب سے جا ملے۔
خالد مشعل نے کہا کہ ایک سرکردہ سیاسی رہنما سے قبل ہم وصفی قبھا کو ایک بہادر مجاھد کے طورپر جانتے ہیں۔ انہوں نے اپنی قوم اور قضیہ فلسطین کے لیے بہت قربانیاں دیں۔
خیال رہے کہ وصفی قبھا تین روز قبل کرونا وبا کا شکار ہونے کے باعث انتقال کرگئے تھے۔