قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں دوما کے مقام پر ایک مسجد پر حملہ کر کے اسے مکمل طور پر منہدم کر دیا۔ مسجد کو شہید کیے جانے کے اس اشتعال انگیز اقدام کے نتیجے میں قرآن پاک نے نسخے اور دیگر اسلامی کتابیں ملبے تلے دب گئیں،جنہیں مقامی شہریوں نے ملبے سے نکالا۔
نابلس میں یہودی آباد کاری کے امور پرنظر رکھنے والے فلسطینی تجزیہ نگار غسان دغلس نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے دو ما میں دو سال سے قائم مسجد کا گھیراؤ کیا۔ دوما کے مشرقی علاقے انو صیفی میں قائم اس مسجد کو بھاری مشینری کی مدد سے شہید کردیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ قابض فوج نے جنوبی دوما میں فلسطینیوں کی زرعی اراضی کے راستے اور پانی کی لائنوں کوبھی اکھاڑ پھینکا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج نے دوما میں متعدد فلسطینی خاندانوں کو ان کی املاک کو غیرقانونی قرار دینے کے نوٹس جاری کیے ہیں جن میں انہیں مسمار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔