بیلجیم میں مقیم فلسطینی تارکین وطن نے اسرائیلی زندانوں میں قید اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک موجود فلسطینی برادری کو اپنے اسیر بہن بھائیوں کی دشمن میں قید کا احساس ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق برسلز میں فلسطینی کمیونٹی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی اسیران کا معاملہ ان کی اولین ترجیح ہے اور پوری فلسطینی قوم اپنے اسیر بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں قضیہ فلسطین کے لیے اسرائیلی زندانوں میں تکالیف اور ظلم وتشدد برداشت کرنے والے فلسطینیوں کی قربانیوں کا احساس ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم کو اسرائیلی ریاست کی طرف سے ہمہ نوع نسل پرستانہ مظالم کا سامنا ہے۔ ہمارے اسیر بھائی اوربہنیں اور ہمارے رہ نما اسرائیلی عقوبت خانوں میں دشمن کی نسل پرستی کا سامناکررہے ہیں۔
بیان میں بیرون ملک فلسطینیوں نے کہا ہے کہ دشمن کی قید میں زندگی گذارنے والے قوم کے ہیرو ہیں اور ان پر ہونے والے مظالم اسرائیلی ریاست کی نسل پرستی کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہیں۔
برسلز میں مقیم فلسطینیوں نے عالمی برداری پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کے ساتھ مل کر فلسطینی اسیران کے حقوق کے لیے جرات مندانہ طریقے سے کام کریں اور فلسطینی اسیران کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔