جمعه 15/نوامبر/2024

فلسطینی قوم کے تحفظ میں کسی ٹال مٹول کی کوئی گنجائش نہیں: کویت

بدھ 27-اکتوبر-2021

خلیجی ریاست کویت نے ارض فلسطین پر قابض اسرائیل کے تسلط کے مکمل خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی قوم کے حقوق کے تحفظ میں کسی ٹال مٹول اور سستی کی کوئی گنجائش نہیں۔

اقوام متحدہ میں کویت کے مستقل مندوب بدر المنیح نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم کئی دہائیوں سے اپنے مسلمہ اور آئینی حقوق کےحصول کے لیے جدو جہد کررہی ہے مگر عالمی برادری فلسطینی قوم کو اس کے دیرینہ حقوق فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ فلسطینی قوم کو اس کے حق خود ارادیت سمیت تمام بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں۔

المنیخ نے کہا کہ فلسطینی قوم کے بنیادی اوردیرینہ حقوق کی کھلے عام پامالیاں جاری ہیں اوران پامالیوں پر عالمی برادری کی خاموشی مجرمانہ لاپرواہی کے زمرےمیں آتی ہے۔ فلسطینی قوم کے حقوق پر خاموشی اختیار کرنے کا کوئی جواز نہیں اور نہ ہی اس پر کوئی ٹال مٹول کی جاسکتی ہے۔

کویتی مندوب نے سلامتی کونسل کی قرارداد 2334پر عمل درآمد کراتے ہوئے فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر روکنے کے لیے موثراقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

مختصر لنک:

کاپی