چهارشنبه 30/آوریل/2025

لبنان میں کشیدگی کے بعد ایک روزہ سوگ، ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی

ہفتہ 16-اکتوبر-2021

لبنان میں جاری کشیدگی کے جلو میں حزب اللہ نے ایک بار پھر مخالف گروپ لبنانی فورسز پارٹی کو تشدد کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ادھر تشدد کے مختلف واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

حزب اللہ کے ایک سرکردہ رہ نما ھاشم صفی الدین نے لبنانی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے ملیشیا کے مسلح عناصر پر فائرنگ کا الزام ایک بار پھر دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ کے کارکنوں پر جمعرات کے روز بیروت میں دانستہ فائرنگ کی گئی۔

تشدد کے نتیجے میں مارے جانے والے لوگوں کے جنازے کے جلوسوں سے خطاب میں انہوں نے دعوی کہا کہ حزب اللہ ملک کو خانہ جنگی کی طرف نہیں لے جا رہی ہے مگر ہم اپنے مارے جانے والے اپنے کارکنوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

قبل ازیں حزب اللہ ملیشیا نے بیروت میں دو روزقبل پیش آنے والے پرتشدد واقعات کی تمام تر ذمہ داری سیکیورٹی اداروں پر عاید کی ہے۔ ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ اور اس کی اتحادی ’امل تحریک‘ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پُرامن احتجاج کے دوران مظاہرین پر مسلح حملہ ایک سوچی  سمجھی کارروائی تھی جو لبانی فورسزکی طرف سے کی گئی تھی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لبنانی مسیحی گروپ کی ’لبنانی فورسز‘ نے الطیونہ کے علاقے اور دیگر مقامات پر اپنے نشانہ باز تعینات کرکے دانستہ طورپر پر امن مظاہرین کو نشانہ بنایا۔

دوسری طرف اپوزیشن کی لبنانی فورسز نے بیروت میں پرتشدد واقعات کی ویڈیوز میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ تشدد کا ذمہ دار کون اور قصور وار کون ہے۔

حزب اللہ مخالف گروپ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حزب اللہ کے عناصر’آر پی جی‘ راکٹوں اور مشین گنوں سے لیس ہیں اور وہ اسلحہ کی کھلے عام نمائش کر رہے ہیں۔

ادھر العربیہ کے نامہ نگار کے مطابق بیروت میں ہونے والے تشدد کے بعد پولیس نے 19 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ نامہ نگار کا کہنا ہے کہ فوج نے جبل لبنان میں چھاپے مارے ہیں اور عسکریت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ قبضے میں لیا گیا  اسلحہ جھڑپوں میں استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جسٹس پیلس کے سامنے پرتشدد مظاہرے اور جھڑپوں میں فائرنگ سے کم از کم چھ افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے تھے۔

ان جھڑپوں کا آغاز گذشتہ برس بیروت کی بندرگاہ پر ہونے والے خوفناک دھماکے کی تحقیقات کرنے والے جج طارق بیطار کے خلاف شیعہ عسکریت پسند گروہوں حزب اللہ اور امل کے احتجاج سے ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ لبنانی فوج میں مسیحی سنائپرز کے ایک دھڑے نے ان پر فائرنگ کی اور ہجوم کو مشکل میں ڈال دیا۔ تاہم لبنانی فورسز نے اس دعوے کو مسترد کیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی