اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ دوستی کرنے اور دشمن کے ساتھ تعلقات استوار کرنے والے ممالک فلسطینی قوم کے ساتھ غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل نے جماعت کے 34 ویں یوم تاسیس کے موقعے پر فلسطینی قوم کےنام اپنے پیغام میں کہا کہ فلسطینی اور پورے خطے کے مسلمان اور عرب ممالک کو قابض دشمن کے خلاف متحد ہونا چاہیے اور فلسطینی قوم کی وحدت کو برقرار رکھنے کے لیے مستقل رابطہ برقرار رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کو اس وقت سب سے زیادہ جس چیز کی ضرورت ہے وہ وحدت اور قومی یکجہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کی آزادی اور نصرت تک مزاحمت ہمارا شعار ہے۔ انہوں نے غزہ، غرب اردن اور القدس میں قابض اسرائیلی فوج کا مقابلہ کرنے اور مزاحمت کی ضرورت پر زور دیا۔
النخالہ کا کہنا تھا کہ اسلامی جہاد نے قابض دشمن کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کے منصوبوں کو مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم کے حقوق اور مقدسات کی قیمت پرقابض دشمن کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کا کوئی جواز نہیں۔
النخالہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی جیل سے فلسطینی اسیران کے ٹنل کے ذریعے فرار نے ثابت کیا کہ فلسطینی اسیران ہرسطح پرآزادی کے لیے جدو جہد کررہے ہیں۔ فلسطینی اسیران کے فرار نے فلسطینی قوم، عرب اور انسان دوست قوتوں کو متحد کردیا تھا۔