اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے سلطنت عمان میں آنے والے طوفان اور اس کے نتیجے میں ہونے والی اموات پر عمان کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق آل سعید اور برادر ملک عمان کی قیادت اور قوم سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے عمان کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق کو اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ حماس اور فلسطینی قوم مشکل کی اس گھڑی میں عمان کے ساتھ ہے۔
انہوں نے حماس کی طرف سے عمان میں آنے والے سمندری طوفان’شاہین‘ سے ہونےوالی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے مرحومین کے لیے مغرفت اور زخمیوں اور متاثرین کی جلد بحالی کی دعا کی ہے۔
پیغام میں کہا گیا ہے کہ حماس سلطنت عمان کے فرمانروا، شاہی خاندان، حکومت اور عوام کے ساتھ اس مشکل کی گھڑی میں یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل عمان میں آنے والے سمندری طوفان کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے جب کہ بڑی تعداد میں املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
دارالحکومت مسقط اور ملک کے دوسرے ساحلی علاقوں میں 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔