اسلامی جہاد نے اسرائیلی جیلوں میں قید ان چھ فلسطینیوں کو قید تنہائی میں ڈالنے کی مذمت کی ہے جنہیں گذشتہ ماہ انتہائی سیکیورٹی والی جیل ’جلبوع‘ سے فرار کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی جہاد کے رہ نما یاسر مزھر نے کہا کہ ہمیں اسرائیلی دشمن کی طرف سے جلبوع جیل سے فرار ہونے والے چھ فلسطینی اسیران کو قید تنہائی میں ڈالنے کے فیصلے پر حیرت نہیں۔ جب سے فلسطینی اسیران جلبوع جیل سے فرار ہوئے تھے قابض دشمن کی طرف سے اسیران کی آزادی سلب کرنے کے مکروہ ہتھکنڈوں میں اضافہ ہوگیا تھا۔
مزھرنے صوت القدس ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قابض اسرائیلی دشمن عام اسیران سے بھی انتقام لے رہے ہیں مگر اسلامی جہاد کے اسیران کے ساتھ خصوصی طورپر انتقامی کارروائیاں ہو رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی جیل انتظامیہ اور صہیونی انٹیلی جنس ادارے ’شاباک‘ نے مل کر اسیران کا جینا حرام کررکھا ہے۔ جیل سے فرار کی کوشش کرنے والے چھ فلسطینی اسیران کو ’موت کےقید خانوں‘ میں ڈال رکھا ہے۔