قابض اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں غرب اردن میں ایک فلسطینی شہری شہید ہوگیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق گذشتہ روز مغربی کنارے کے شمال میں نابلس شہر کے نزدیک قصبے بیتا میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ یہ واقعہ فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپوں کے دوران پیش آیا۔
جھڑپوں کے دوران میں فلسطینی نوجوان محمد علی خبیصہ کے سر میں گولی لگی تھی۔ اسے زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
نابلس میں ہلالِ احمر تنظیم کے ہنگامی شعبے کے سربراہ نے جمعے کے روز بتایا کہ ان کی تنظیم کے عملے نے 28 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔ ان میں 8 کو ربڑ کی گولیاں لگی تھیں جب کہ 18 افراد آنسو گیس کے سبب دم گھٹنے کا شکار ہوئے۔