کل بدھ کے روز قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں متعدد مقامات پر فلسطینی اسکولوں کے بچوں پر تشدد کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی بچے زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع ابلاغ نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ قابض فوج نے الطور میں قائم ہائی اسکول کے بچوں پر تشدد کیا۔ اس دوران قابض فوج نے اسکول کے ایک بچے بسام ابو سبیتان کی ٹانگ میں گولی ماری جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ بعد ازاں اسے زخمی حالت میں گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض فوج نے متعدد فلسطینی طلبا کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
درایں اثنا قابض فوج نے بدھ کی شام کو الطور میں زخمی ہونے والے فلسطینی لڑکے بسام ابو سبیتان کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض فوج نے الطور میں فلسطینی شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ چھاپہ مار کارروائی اس وقت کی گئی جب اسکول میں بچوں کو چھٹی ہو رہی تھی اور بچے اسکولوں سے نکل کرگھروں کو لوٹ رہے تھے۔ اس دوران قابض فوج نے زخمی ہونے والے ابو سبیتان کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے بعد اسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔