اسلامی جہاد نے فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے ملک میں انتخابات کے انعقاد سے متعلق سامنے آنے والی تجویز مسترد کردی ہے۔ اسلامی جہاد کا کہنا ہے ہے واضح سیاسی پروگرام پر اتفاق رائے کے بغیر انتخابات کا ڈھونگ قبول نہیں کیا جائے گا۔
اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ فلسطینی قوم کو ایک ایسے واضح سیاسی پروگرام پر اتفاق رائے کی ضرورت ہے جس میں قابض ریاست کا مقابلہ کرنے کےعزم کے ساتھ فلسطینی قوم، ارض فلسطین اور مقدسات میں اسرائیلی دراندازی روکنے کا واضح پروگرام دیا جائے۔
اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ قابض ریاست کے قبضے میں انتخابات کا انعقاد قومی پروگرام کی تشکیل نو سے فرار کی کوشش تصور کی جائے گی۔ اس وقت فلسطینی قوم کے لیے سب سے اہم بات دشمن کے خلاف تمام محاذوں پر مزاحمت ہے اور فلسطین میں کسی بھی درجے کے انتخابات کے لیے مزاحمت کو بنیادی اصول تسلیم کیا جانا چاہیے۔
اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ فلسطین میں انتخابی دنگل قوم کے دیرینہ مقاصد اور اہداف حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں بن سکتا چاہے ان انتخابات کی اہمیت کو بڑھا چڑھا کر کیوں پیش نہ کیا جائے۔