اسرائیلی فوج نے چھ ستمبر کو جلبوع جیل سے فرارہونے والے مزید دو فلسطینی قیدیوں کو غرب اردن کے شمالی شہر جنین سے 13 دن کے مسلسل سرچ آپریشن کے بعد گرفتار کرلیا ہے۔ مفرور ہونے والے چھ میں سے چار قیدیوں کو چند روز قبل پکڑ لیا گیا تھا۔
نامہ نگاروں کے مطا بق اسرائیلی فوج نے مفرور ہونے والے مناضل نفیعات اور ایھم کممجی کو جنین کی مشرقی کالونی سے حراست میں لے لیا۔ ان کے ساتھ دو دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
ادھر اسرائیلی نشریاتی ادارے’کے اے این‘ نےٹویٹر پر کہا کہ فوج نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب مفرور قیدیوں اور دو دیگر افراد کو گرفتار کیا ہے۔
خیال رہے کہ دونوں فلسطینی قیدی دو ہفتے قبل جلبوع جیل سے فرار ہوگئے تھے۔ سیکیورٹی کے حوالے سےیہ فول پروف جیل قرار دی جاتی ہے۔