اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اتوار کے روز کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز عن قریب غرب اردن کے جنوب میں ’بیت زکریا‘ گاؤں میں مقامی فلسطینی آبادی کے لیے منظور کردہ 50 مکانات کی تعمیر کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے جلد ہی پرمٹ منسوخ کریں گے۔
اسرائیل کے سرکاری ریڈیو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بینی گینٹز نے حال ہی میں جنوبی بیت لحم میں قائم ’گوش عتصیون‘ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی یہودی لیڈرشپ سے ملاقات کی۔ اس موقعے پریہودیوں نے کہا کہ وہ بیت زکریا میں فلسطینیوں کے لیے مکانات کی تعمیر کی مخالفت کریں گے۔
ریڈیو رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہودی کالونی کے فیلڈ وزٹ کے بعد بین گینٹز نے کہا کہ مجھے اندازہ ہوا ہے کہ معاملہ بہت حساس اور پیچیدہ ہے۔
ادھر اسرائیل کی ’بلیو وائٹ‘ پارٹی کے ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ معاملے کی نزاکت اور حساسیت کے پیش نظر فلسطینیوں کو تعمیرات کے لیے دی گئی اجازت منسوخ کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیت زکریا میں فلسطینیوں کو مکانات کی تعمیر کے لیے دی گئی اجازت کا معاملہ اسرائیلی حکمران اتحاد میں بھی تنازع کا باعث بنے گا۔