فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہرالخلیل میں حارہ جابر کے مقام پر یہودی شرپسندوں نے فلسطینی شہریوں کے گھروں پر حملہ کیا اور گھروں میں گھس کر لوٹ مار کی ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں نے حارہ جابر کے مقام پر فلسطینیوں کے گھروں پر حملہ کیا اور فلسطینی شہریوں کےگھروں پر سنگ باری کی۔
اس موقعے پر یہودی آباد کاروں کے گروپ فلسطینیوں کے گھروں کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے اندر گھس گئے اور قیمتی سامان، نقدی اور زیورات لوٹ لیے۔
یہودی بلوائیوں کےاس حملے کے بعد فلسطینی شہری گھروں سے نکل آئے اور انہوں نے شرپسندوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ان پر جوابی پتھراؤ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی فول پروف سیکیورٹی میں یہودی بلوائیوں کے حملے کے دوران شہری خوف وہراس کا شکار ہوگئے۔ اس دوران یہودی آباد کاروں نے 19 سالہ فلسطینی اور اس کے والد کو یرغمال بنا کرانہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
ادھر ایک دوسرے سیاق میں یہودی آباد کاروں نے الخلیل شہر میں عبد ھشام ابو ترکی اور مصطفیٰ ابو ترکی کے گھروں میں گھس کر وہاں پرموجود 50 ہزار شیکل کی رقم لوٹ لی۔