اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور سنہ 1948ء کے مقبوضہ علاقوں میں مفرور فلسطینی قیدیوں کی تلاش کے لیےسرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ دوسری طرف اسرائیلی حکام نے غرب اردن میں کرفیو کے نفاذ پرغور شروع کیا ہے۔
خیال رہے کہ 6 ستمبر کو اسرائیلی جیل جلبوع سے چھ فلسطینی قیدی سرنگ کے راستے فرار ہوگئے تھے۔ ان کی تلاش کے لیے اسرائیلی فوج گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
عبرانی نیوز ویب پورٹل ’واللا‘ کے مطابق جمعرات کو اسرائیلی فون نے غرب اردن اور سنہ 1948ء کے مقبوضہ علاقوں میں کئی مقامات پر گھر گھر تلاشی لی۔ سرچ آپریشن کے لیے فوجی نفری کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔ اس وقت سرچ آپریشن کے لیے غرب اردن کے شمالی علقوں اور سنہ 1948ء کے طمرہ، میسر، طیبہ، جنوبی مثلث اور طولکرم کے بالمقابل علاقوں میں تلاشی جاری ہے۔
عبرانی نیوز ویب پورٹل کے مطابق مفرور قیدیوں کے ممکنہ ٹھکانے کا پتا چلانے کے لیے کئی سیناریوز میں تلاش جاری ہے۔ اسرائیلی حکام کوخدشہ ہے کہ مفرور ہونے والے فلسطینی قیدیوں کو جنین میں معربا اور دوسرے پناہ گزین کیمپوں میں مسلح سیکیورٹی عناصر کی طرف سے مدد فراہم کی جاسکتی ہے۔