اسرائیل کی فول پروف سیکیورٹی والی جیل’جلبوع‘ سے چھ فلسطینی قیدیوں کے سرنگ کے ذریعے فرار کے بعد جیل میں موجود تمام قیدیوں کو دوسری جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔ اس جیل میں 400 فلسطینی قید کیے گئے ہیں۔
عبرانی نیوز ویب پورٹل 0404‘ کے مطابق اسرائیلی حکام نے جیل میں مزید سرنگوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر جیل کو قیدیوں سے خالی کر دیا ہے اور جیل کی غیرمعمولی چھان بین کی جا رہی ہے۔
اسرائیلی فوج کی انجینیرنگ یونٹ نے جیل کی مکمل طورپر تلاشی شروع کر دی ہے۔ دوسری طرف سخت سیکیورٹی میں قیدیوں کو دوسری جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ سوموار کے روز چھ فلسطینی قیدی جلبوع جیل سے سرنگ کے ذریعے فرار ہوگئے تھے۔ اسرائیلی حکومت اور فوج نے اس واقعے کے بعد مختلف جیلوں میں قید فلسطینیوں کو دوسری جیلوں میں منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔
اسرائیل کی طرف سے جاری معلومات کے مطابق فرار ہونے والے قیدویں کی شناخت زكريا الزبيدي، يعقوب نفيعات،محمد قاسم عريده، يعقوب محمود قدري، أيهم فؤاد كمامجي اور محمود عبد الله عريده کے ناموں سے کی گئی ہے۔