اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے بالعموم پورے فلسطین بالخصوص بیت المقدس کے فلسطینی باشندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یہودیوں کے مذہبی تہوار’ایام توبہ‘ کی آڑ میں مسجد اقصیٰ کا تقدس پامال ہونے سے روکیں۔ حماس نے قبلہ اول کے دفاع کے لیے نفیر عام کا اعلان کیا ہے۔
بیت المقدس میں حماس کے ترجمان محمد حمادہ نے کہا کہ ہم قبلہ اول کے دفاع کے لیے القدس کے شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اٹھ کھڑے ہوں اور مسلمانوں کے تیسرے مقدس ترین مقام کے دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
ایک پریس بیان میں محمد حمادہ کا کہنا تھا کہ قبلہ اول پر یہودی آباد کاروں کے دھاوے اور انہیں قابض فوج اور پولیس کی طرف سے فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی اسرائیلی ریاست کی منظم منصوبہ بندی کے تحت قبلہ اول کی بے حرمتی کی سازش کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی یہودیوں کے مذہبی تہوار ’ایام توبہ‘ کو’ایام غضب‘ کے طورپر منائیں۔انہوں نے القدس کے باشندوں پر زور دیا کہ وہ قبلہ اول کے دفاع کے لیے گھروں سے نکلیں اور قبلہ اول میں زیادہ سے زیادہ وقت گذاریں تاکہ ناپاک صہیونیوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے جا سکیں۔