مصر کے ایوان صدر نے کہا ہےکہ غزہ کی پٹی کے تعمیر نو کا عمل آئندہ چند روز میں شروع ہوجائے گا۔ غزہ کی تعمیر نوکی کوششیں مصرکی قیادت میں ہو رہی ہیں۔ یہ تعمیر نو مئی کے وسط میں 11 روز تک جاری رہنے والی اسرائیلی جارحیت کے دوران ہونے والی تباہی کے بعد شروع کی جا رہی ہے۔
مصری ایوان صدر کے ترجمان بسام راضی نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ سے بتاہی کے آثار کے خاتمے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔
اسی حوالے سے اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے ’کے اے این‘ کا کہنا ہےکہ مصر اور قطر نے حماس پرغزہ میں رات کے وقت ہونے والے مظاہروں کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالا ہے تاکہ غزہ کو سہولیات کی فراہمی کے عمل میں کسی قسم کا خلل نہ پڑے اور سہولیات خطرات سے دوچار نہ ہوں۔
قبل ازیں حماس کے سیاسی شعبے کے رکن حسام بدران کا کہنا تھا کہ اسرائیل میں حکومت کی تبدیلی ہمارے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔ ہمارا مطالبہ غزہ کی پٹی کے محاصرے کا خاتمہ، جنگ بندی پرعمل درآمد ہے اور اس کے لیے ہم قابض دشمن پر دباؤ ڈالتےرہیں گے۔