فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے فلسطینی خاندان الدلال کے تین مکانات زبردستی مسمار کرادیے۔ یہ تینوں مکانات بیت حنینا میں الاشقریہ کالونی میں واقع ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی بلدیہ بیت المقدس کی تمام کالونیوں اور قصبوں میں فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری کی مہم چلا رہی ہے۔ اس مہم کا مقصد فلسطینی شہریوں کو القدس سے بے دخل کرنے پرمجبور کرنا ہے۔
القدس کے فلسطینی باشندے مکانات اور دیگر املاک کی تعمیر کے لیے قابض صہیونی حکام سے پیشگی اجازت لیتے ہیں مگراس کے باوجود صہیونی انتظامیہ کی طرف سے طرح طرح کے حیلے بہانے تراش کر فلسطینیوں کے مکانات مسمار کیے جا رہے ہیں۔
مقامی فلسطینی شہری صبحی الدللال نے بتایا کہ بیت حنینا میں فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری کا ہر ہفتے میں کوئی نا کوئی واقعہ ضرور ہوتا ہے۔ قابض صہیونی انتظامیہ فلسطینی شہریوں کے نہ صرف مکانات مسمار کررہی ہے بلکہ فلسطینیوں سے زبردستی انہی کے ہاتھوں مکانات مسمار کرائے جا رہے ہیں۔ القدس میں مکانات کی مسماری سے بچوں سمیت 13 فلسطینی بے گھر ہوگئے۔