جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج نے غزہ کی مشرقی سرحد پر کمک میں اضافہ کردیا

منگل 24-اگست-2021

قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر فوجی نفری میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

فلسطین سے موصولہ اطلاعات کے مطابق غزہ کے علاقے میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان کے جھڑپوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ہفتے اور اتوار کی رات اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر فضائی حملے کیے اور غزہ کی سرحد پر اپنی فوجی کمک میں اضافہ کر دیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے اعلان میں بتایا گیا ہے کہ غزہ کی سرحد پر صہیونی فوج کی کمک میں اضافہ صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔ ادھر اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کے لڑاکا طیاروں نے وسطی غزہ میں فلسطینیوں کے ٹھکانوں پر تین میزائل برسائے۔

انہی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی ائیر فورس نے غزہ کی پٹی میں مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ یہ کارروائیاں غزہ کی پٹی میں نسلی امتیاز کی مظہر اسرائیلی دیوار کے پار فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوج کے درمیان ہونے والے واقعات کے بعد کی گئیں۔ ان واقعات میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ ایک اسرائیلی فوجی کو شدید زخم آئے۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے بتایا کہ غزہ کی پٹی سے ہونے والی فائرنگ اور جھڑپوں میں ایک اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہو گیا۔

ادرعی نے مزید بتایا کہ دیوار فاصل کے پاس ہونے والے مظاہروں میں شامل کچھ فلسطینیوں نے اسرائیلی فوجی سے بندوق چھیننے کی کوشش کی، جسے اسرائیلی فوجی نے ناکام بنا دیا۔

مختصر لنک:

کاپی