امریکا میں فلسطینی تنظیموں کے اتحاد نے جو بائیڈن کی انتظامیہ اور امریکی کانگریس کے ارکان پر دباؤ ڈالنے کے لیے ایک مہم شروع کی جس کا مقصد مقبوضہ بیت المقدس میں سلوان میں فلسطینیوں کے 16 گھروں کو مسمار کرنے سے قابض اسرائیل کو روکنا ہے۔
تنظیموں کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یکجہتی کے کارکنوں نے امریکی حکومت اور کانگریس کے ارکان کے ساتھ ایک مواصلاتی مہم کے نفاذ اور سڑکوں پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔اس مہم کا مقصد القدس میں فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری روکنے کےلیے صہیونی ریاست پر دباؤ ڈالنا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آج 15 اگست کو اسرائیل نےسلوان کی البستان کالونی میں فلسطینیوں کے 16 گھروں کو مسمار کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ تاہم اسرائیلی عدالت نے آج کی تاریخ تک مکانات مسماری روکنے کا حکم دے رکھا تھا۔
بیان میں ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت سے فوری رابطے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ قابض ریاست پر دباؤ ڈال کر القدس میں فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری کو روکا جاسکے۔
اتحاد نے اپنی ویب سائٹ پر ایک خصوصی سیکشن لانچ کیا ہے ، جس میں سلوان اور مکانات مسمار کرنے کے بارے میں معلومات ، کانگریس کے اراکین کے فون اور پتے ، اور مظاہروں کے انعقاد کے بارے میں ماہرین کے مشورے شامل ہیں۔