چهارشنبه 30/آوریل/2025

فلسطینیوں نے اسرائیلی وزیرخارجہ کے مراکش میں استقبال کو جرم قرار دیا

جمعہ 13-اگست-2021

فلسطین کی نمائندہ سیاسی، مذہبی اور قومی جماعتوں نے اسرائیلی وزیرخارجہ یائیرلبید کے دورہ مراکش اور صہیونی وزیر کے رباط میں استقبال کی شدید مذمت کی ہے۔

فلسطینی قوتوں کی طرف سے جاری الگ الگ بیانات میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیرخارجہ کا رباط میں استقبال اور مراکش میں نمائندہ دفتر کا افتتاح فلسطینی قوم اور پوری مسلم امہ کے خلاف سنگین جرم اور عرب تشخص کے ساتھ بھونڈا مذاق ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مراکش میں اسرائیلی ریاست کے نمائندہ دفتر کا قیام مراکشی حکومت اور سیاسی قیادت کے اخلاقی زوال اور صہیونی دشمن ملک کی طرف داری اور جھکاوٗ کا واضح ثبوت ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ عرب ممالک میں اسرائیلی ریاست کے نمائندہ دفاتر کا قیام ان ممالک کی عوام اور اقوام کی امنگوں کے خلاف ہے۔ عرب ممالک کی عوام فلسطینی قوم کی آزادی کی خواہاں اور صہیونی ریاست کے منحسوس وجود کو ختم کرنا چاہتی ہیں۔

فلسطینی دھڑوں کا کہنا ہے کہ مراکش اور صہیونی ریاست کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کی کوئی حیثیت نہیں اور فلسطینی قوم اس طرح کے کسی بھی دو طرفہ سمجھوتے کو مسترد کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیلی وزیر خارجہ بدھ کے روز مراکش کے دو روزہ دورے پر رباط پہنچے تھے۔ ان کے اس دورے پر فلسطینی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی