مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والا ایک فلسطینی شہری قابض اسرائیلی ریاست کے جبر اور ظلم کے سامنے ڈٹ گیا۔ اس کا کہنا ہے کہ قابض دشمن کے حکم سے اپنا گھر خود مسمار نہیں کرے گا اور نہ صہیونی دشمن کے سامنے جھکے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیت المقدس کی البستان کالونی کے رہائشی یعقوب الرجبی کو قابض ریاست کی نام نہاد بلدیہ نےایک نوٹس جاری کیا تھا جس میں اسے کہا گیا ہے اس کا مکان غیرقانونی ہے اور مکان کی مسماری کے لیے اسے چند روز کی مہلت دی گئی ہے۔ الرجبی کو مکان کی مسماری کے لیے دی گئی مہلت میں چھ دن باقی رہ گئے ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ میں اپنا مکان اپنے ہاتھوں مسمار نہیں کروں گا۔ یہ میرا گھر ہے اور میں نے اسے بڑی محنت سے تعمیر کیا ہے۔ گھر کی تعمیر میں اس نے کوئی جرم نہیں کیا اور نہ ہی کوئی غیرقانونی اقدام کیا ہے۔
اسرائیلی حکام کی طرف سے جاری کردہ نوٹس میں الرجبی سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنا مکان خود ہی مسمار کرے ورنہ اسرائیلی بلدیہ اس کا مکان مسمار کرے گی اور مسماری کے اخراجات جرمانے کی شکل میں اسے وصول کیے جائیں گے۔
الرجبی کا کہنا ہے کہ میں اپنا مکان کسی صورت میں مسمار نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ریاست القدس کے باشندوں سے زبردستی ان کے مکانات مسمار کرکے ریاستی جبر کی مرتکب ہورہی ہے۔