سعودی عرب میں اڑھائی سال سے جیلوں میں قید فلسطینیوں اور اردنی شہریوں کےخلاف جاری مقدمات کا فیصلہ آئندہ ہفتے سنایا جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سعودی عرب کی جیلوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں اور اردنی قیدیوں کے اہل خانہ پر مشتمل کمیٹی کے چیئرمین خضر المشائخ نے ایک بیان میں کہا کہ الریاض کی جیلوں میں قید فلسطینیوں اور اردنی شہریوں کے خلاف مقدمات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ان کے خلاف مقدمات مکمل کرلیے گئے ہیں جس کے بعد آئندہ ہفتے ان کے خلاف فیصلہ سنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی فوج داری عدالت نے چار جولائی کو فلسطینی اور اردنی شہریوں کے خلاف جاری مقدمات کا فیصلہ ملتوی کردیا تھا۔
سعودی عرب کی ایک فوجی عدالت نے 8 مارچ 2020ء کو دسیوں فلسطینیوں اور اردنی شہریوں کے خلاف مقدمات کا آغاز کیا تھا۔ ان پر فلسطینی مزاحمت کی حمایت کا الزام عاید کیا گیا ہے۔