قابض صہیونی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والی چار اہم شخصیات کو تین سے چھ ماہ کے کے لیے شہر بدری کےنوٹس جاری کیے ہیں۔ صہیونی حکام نے ان پر اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ سے تعلق کا الزام عاید کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق القدس کی ان چاروں شخصیات کو تحریری نوٹس موصول ہوئے ہیں۔ ان میں انہیں کہا گیا ہے کہ شہر چھوڑ دیں اور اس دوران وہ کسی انسانی حقوق کارکن یا دوسرے شخص سے کوئی رابطہ نہیں کریں گے۔
جن چار شخصیات کو نوٹس موصول ہوئے ہیں ان میں ناصر الھدمی، سلیم الجعبہ، ماجد الجعبہ اور یعقوب ابو عصب شامل ہیں اور وہ تمام سابق اسیر ہیں۔
صہیونی حکام کا کہنا ہے کہ ان چاروں شخصیات کے بارے میں چھان بین کی گئی ہے۔ یہ اسرائیل کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
ان پر اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ سے تعلق کا بھی الزام عاید کیاگیا ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ چاروں القدس میں حماس کے متحرک کارکن ہیں۔