چهارشنبه 30/آوریل/2025

قابض فوج نے فلسطینی اسیر کا مکان دھماکےسے اڑا دیا

جمعرات 8-جولائی-2021

قابض صہیونی فوج نے آج جمعرات کے روز اسیر فلسطینی منتصر الشلبی کا غرب اردن کےوسطی شہر رام اللہ میں ترمسعیا کے مقام پر موجود مکان دھماکے سے اڑا دیا۔

دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے اسیر کے مکان کو بارود سے اڑانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے قابض فوج کی مجرمانہ کارروائی قرار دیا ہے۔

مقامی فلسطینی ذرایع کے مطابق قابض فوج کی بھاری تعداد نے جمعرات کو ترمسعیا کا محاصرہ کیا اور اسیر کے مکان میں گھس کر وہاں پرموجود اس کے اہل خانہ کو باہر نکالا اور مکان کو دھماکے سے اڑا دیا۔

قابض فوج نے اسیر کے دو منزلہ مکان کو تباہ کن بارود سے اڑایا جس کے نتیجے میں مکان مکمل طورپر ملبے کا ڈھیر بن گیا۔

قبل ازیں اسرائیلی ریاست کی نام نہاد سپریم کورٹ نے اسیر منتصر شلبی کے مکان کو خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا جس کے بعد اس کی مسماری عمل میں لائی گئی ہے۔

مکان کی مسماری کے بعد فلسطینیوں کی بڑی تعداد احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئی اور انہوں نے قابض فوج کی اس مجرمانہ کارروائی کے خلاف احتجاج کیا۔ قابض فوج نے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جبکہ فلسطینی شہریوں نے قابض فوج پر سنگ باری کی۔

دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے مکان کی مسماری کے اقدام کو قابض ریاست کی نسل پرستانہ اور مجرمانہ کارروائی سے تعبیر کیا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ریاست نہتے فلسطینیوں کو اجتماعی سزائیں دینے کی وحشیانہ پالیسی پرعمل پیرا ہے۔

حماس کے ترجمان حازم قاسم کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کے مجرمانہ اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ قابض ریاست فلسطینیوں کو تحریک آزادی کے لیے جدو جہد سے باز رکھنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی