قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں دار صلاح کے مقام پر ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران بیت المقدس سے فلسطینی پارلیمنٹ کے رکن محمد ابو طیر کو گرفتار کرنے کے بعد جیل میں ڈال دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق محمد ابو طیر کو اسرائیلی فوج نے اکتوبر 2010ء کو بیت المقدس سے محض اس لیے بے دخل کردیا تھا کہ وہ فلسطینی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئےتھے۔ اس کے بعد انہیں کئی بار گرفتار اور رہا کیا گیا۔
چھ نومبر 2011ء کو انہیں گرفتار کیا گیا جب کہ دو جولائی 2013ء کو ایک بار پھر ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی۔ رہائی کے بعد انہیں جنوری 2016ء کو گرفتار کرکے سترہ ماہ تک قید کردیا گیا تھا۔