یوروپی یونین نے کہا کہ وہ فلسطینی سول پولیس کو تکنیکی مدد کے سوا فلسطینی سیکیورٹی فورسز کو کوئی مالی یا تکنیکی مدد فراہم نہیں کرے گا۔
یونین نے ایک پریس بیان میں کہا ہےکہ یورپی یونین کی امداد نرسوں ، ڈاکٹروں اور اساتذہ کی تنخواہوں پر مشتمل ہے۔ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں غریب ترین فلسطینی کنبوں کو معاشرتی الاؤنس فراہم کرنے میں معاونت جاری رکھی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی مالی اعانت کرتے ہیں۔ سول سوسائٹی اور کاروباری شعبے کی مدد کرتے ہیں، چھوٹے اور مائیکرو پروجیکٹس ، اور ’ایریا سی‘ اور مشرقی القدس کی فلسطینی شناخت کو محفوظ رکھنے کے لیے منصوبوں پر عمل درآمد کرتے رہیں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین فلسطینی پناہ گزینوں کی ریلیف ایجنسی UNRWA کے ایک کلیدی ڈونر کے طور پر کردار ادا کرتا رہے گا۔
بیان میں زور دیا گیا ہے کہ یوروپی یونین کے پاس فنڈز کے استعمال اور نگرانی کا ایک مربوط طریقہ کار موجود ہے جس کا مقصد یقینی بنانا ہے کہ یونین کی طرف سے دیا گیا ایک ایک یورو مقصد کے مطابق خرچ ہوا ہے۔