اسرائیلی میڈیا نے بتایا ہےکہ بھارت میں سامنے آنے والی کرونا کی نئی شکل تیزی کے ساتھ اسرائیل میں پھیلنے لگی ہے۔
عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کےدوران اسرائیل میں کرونا کے مزید 105 بھارتی طرزکے کیس سامنے آئے۔ اسرائیلی ایک بار پھر ماسک پہننے پر مجبور ہیں۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق بھارتی طرز کا کرونا ایک ایسے وقت میں پھیلنے لگا ہے جب دوسری طرف حکومت نے کرونا کی وجہ سے بعض پابندیوں میں نرمی پر غور شروع کیا ہے۔
ادھر اسرائیلی ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پروفیسر حیزی لیوی کا کہنا ہے کہ یہ بات واضح ہے کہ اسرائیل کو کرنا ویکسین کی تیسری خوراک دینے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرونا وبا میں تیزی اور نئے کیسز میں اضافے کے بعد ویکسین لگوانے کا عمل دوبارہ شروع کیا جانا چاہیے۔