دوشنبه 18/نوامبر/2024

اشتعال انگیز پرچم بردار صہیونی ریلی تشدد بھڑکانے کا باعث بنے گی: صبری

منگل 8-جون-2021

مسجد اقصیٰ کے خطیب اور سپریم اسلامی کمیٹی کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ یہودی آباد کاروں کا مقبوضہ بیت المقدس میں ’پرچم بردار اشتعال انگیز جلوس‘ کھلی شتعال انگیزی ہوگی اور خطے میں کشیدگی بڑھانے کا سبب بنے گی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایک بیان میں الشیخ صبری نے القدس میں اشتعال انگیز مارچ کے نتائج اور مضمرات کی تمام تر ذمہ داری صہیونی ریاست پرعاید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی ریاست اس طرح کے اشتعال انگیز اقدامات کی کھلم کھلا حمایت کرتے ہوئے یہودی آباد کاروں کو تحفظ فراہم کررہی ہے۔

الشیخ صبری کا کہنا تھا کہ یہودی آباد کاروں کو اشتعال انگیز مارچ کو اسرائیلی فوج اور پولیس کی طرف سے مکمل تحفظ اور سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی محکمہ اوقاف یہودی آباد کاروں اور انتہا پسندوں کے نام نہاد پرچم بردار مارچ کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے صہیونیوں پر زور دیا کہ وہ القدس میں ہونے والے پرتشدد واقعات سے سبق سیکھیں۔

الشیخ صبری نے مقبوضہ بیت المقدس میں صحافیوں پر تشدد کی شدید مذمت کی اور نامہ نگاروں اور فوٹو گرافروں پر تشدد کو اسرائیلی ریاست کی فلسطینی صحافت کو دبانے کی مجرمانہ سازشوں کا تسلسل قرار دیا۔

خیال رہے کہ اسرائیلی ریاست کی سرکاری سرپرستی میں آئندہ جمعرات کو مقبوضہ بیت المقدس میں ایک اشتعال انگیز پرچم بردار جلوس نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ اس جلوس کے انعقاد کا مقصد صہیونی ریاست کے پرچم اٹھا کر ریلی نکالنا ہے۔ فلسطینیوں نے اسے اشتعال انگیز اقدام قرار دیتے ہوئے اسے مسترد  کردیا ہے۔

الشیخ صبری نے عالم اسلام پر زور دیا کہ وہ فلسطینی قوم کے خلاف ہونے والے اسرائیلی مظالم کانوٹس لیں اور معرکہ القدس میں حاصل ہونے والی کامیابی کو دائمی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔

مختصر لنک:

کاپی