انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ’ریڈ کراس‘ کے ڈائریکٹر جنرل روپر مارڈینی نے کل بدھ کو فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے اسرائیلی بمباری سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کا جائزہ لیا اور فلسطینی حکام سے ملاقات میں غزہ کی تعمیر نو اور بحالی کے کاموں پر تبادلہ خیال کیا۔
ریڈ کراس کمیٹی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کے سربراہ کےدورہ غزہ کا مقصد غزہ میں انسانی صورت حال کا جائزہ لینا اور جنگ سے متاثرہ فلسطینیوں کے حالات معلوم کرنا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مارڈینی کو مقامی فلسطینی حکام نے جنگ سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی ضروریات اور مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقعے پر انہوں نے غزہ میں جنگ سے متاثرہ شہریوں کی مدد کرنے کی ضرورت پر اور دیا اور یقین دلایا کہ ریڈ کراس متاثرہ فلسطینیوں کی بحالی کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گی۔
ریڈ کراس کے ڈائریکٹر جنرل نے غزہ کی پٹی میں جنگ سے تباہ ہونے والے علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے غزہ کے بعد غرب اردن اور جنوبی اسرائیلی علاقوں کا بھی دورہ کریں گے۔
خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پردس مئی سے 21 مئی تک اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پربمباری کی جس کے نتیجے میں 280 فلسطینی شہید اور ڈیڑھ ہزار سے زاید زخمی ہوگئے تھے۔ بمباری میں بڑے پیمانے پر شہریوں کےمکانات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔