مقبوضہ فلسطین کے شہر حیفا میں قائم قابض اسرائیل کی نام نہاد مجسٹریٹ عدالت نے اندرون فلسطین کے سرکردہ فلسطینی رہ نما الشیخ کمال الخطیب کی حراست میں مزید توسیع کا حکم دیا ہے۔
الشیخ کمال الخطیب اسلامی تحریک کے رہ نما اور اندورن فلسطین کی سپریم فالو اپ کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔ان کے وکیل عمر خمایسہ نے بتایا کہ اسرائیلی پبلک پراسیکیوٹر نے ان کے موکل پر تین الزامات عاید کیے ہیں۔ ان میں ایک الزام آزادی اظہار رائے سے تعلق رکھتا
ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی مجسٹریٹ عدالت میں پراسیکیوٹر کی طرف سے پیش کردہ تفصیلات میں الشیخ کمال خطیب پر تشدد پر اکسانے، پرتشدد کارروائیوں کی حمایت کرنے اور کالعدم تنظیم اسلامی تحریک کے ساتھ تعلق کا الزام عاید کیا گیا ہے۔ دوسرے الزام یعنی پرتشدد کارروائیوں کی حمایت سے اسرائیلی عدالت کا اشارہ اندرون فلسطین میں ہونے والے مظاہروں کی حمایت کی طرف تھا۔