خلیجی ریاست قطر نے فلسطین کے جنگ زدہ علاقے غزہ کی پٹی میں بحالی اور تعمیر نو کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے قطر کی طرف سے اس خطیر رقم پر قطری حکومت اور امیر قطر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
غزہ میں قطر کی تعمیر نو کمیٹی کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے غزہ کی پٹی میں تعمیر نوکے لیے 500 ملین ڈالر کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قطر کی طرف سے برادر فلسطینی قوم بالخصوص غزہ کی پٹی میں ہونے والی اسرائیلی بمباری کے بعد بحالی کے کاموں کے لیے امدادی رقم مختص کی گئی ہے۔ یہ رقم غزہ کی پٹی میں تعمیر نو کےمختلف منصوبوں، تباہ ہونے والے گھروں کی تعمیر، تعلیم، صحت، بجلی اور دیگر شعبوں پر صرف کی جائے گی۔
خیال رہے کہ 10 مئی سے 21 مئی تک غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 16 ہزار مکانات تباہ ہوئے ہیں۔