اردن نے اسرائیلی پولیس کے ہاتھوں اپنے دو شہریوں کی گرفتاری کے واقعے پر اسرائیل سے سخت احتجاج کیا ہے۔
کل منگل کے روز اردنی وزارت خارجہ وسمندر پار امور کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ القدس میں دو اردنی شہریوں کی گرفتاری کے واقعے پر عمان میں متعین اسرائیلی سفیر کو طلب کرکے ان سے سخت احتجاج کیا ہے اور دونوں اردنی شہریوں کی فوری رہائی کامطالبہ کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہےکہ اسرائیلی سفیر سے کہا گیا ہے کہ وہ تل ابیب میں موجود اردنی سفارت خانے کو دونوں شہریوں تک رسائی کی اجازت دے۔
اردن کی سرکاری نیوز ایجنسی ‘بترا’ کے مطابق وزارت خارجہ نے اسرائیلی سفیر پر زور دیا ہے کہ وہ حراست میں لیے دونوں شہریوں کو بین الاقوامی قوانین کے تحت ضروری معاونت اور ان کی مدد کی اجازت دیں۔
اردنی وزارت خارجہ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ اردنی شہریوں کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے قیدیوں کے حوالے سے بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کو یقینی بنائے۔
قبل ازیں اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان ضیف اللہ الفائز نے کہا تھا کہ وزارت خارجہ اسرائیل میں گرفتار ہونے والے اپنے دو شہریوں کے حوالے سے تل ابیب میں قائم اردنی سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اردنی سفارت خانہ قیدیوں کے وکیل کے ذریعے ان کے ساتھ رابطے میں ہے۔
الفائز نے بتایا کہ وزارت خارجہ نے اردنی سفیر کو اردنی شہریوں کی گرفتاری پر سخت پیغام میں احتجاج کرتے ہوئے انہیں فوری طور ہر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔