عراق کے وزیر خارجہ فوادحسین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کی شاندار فتح سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے سیاسی طور پر موثر اور فعال بنایا جائے۔
بغداد میں اپنے فلسطینی ہم منصب ریاض المالکی کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوںنے کہا کہ عراق کی حکومت اور عوام فلسطینی قوم اور قضیہ فلسطین کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ فلسطینیوں کی وحدت کی بات کی ہے۔ فلسطینیوں کو آپس میں مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، فلسطینی قوم اور قضیہ فلسطین کی تقویت کے لیے فلسطینی قوتوں کی صف بندی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں حاصل ہونے والی فتح ونصرت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ہم اس حوالے سے آنے والے مہینوں میں بھی فلسطینی حکام کے ساتھ ملاقاتیں جاری رکھیں گے۔