فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری کے دوران 13 منزلہ پلازے کے فلسطینی مالک نے اسرائیل کے خلاف عالمی فوج داری عدالت سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الجلا پلازے کے مالک جواد مہدی نے خبر رساں ادارے’اے پی’ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ان کے پلازے میں ذرائع ابلاغ کے دفاتر اور رہائشی اپارٹمنٹس تھے۔ وہاں پر کسی قسم کی کوئی عسکری سرگرمی نہیں تھی۔ اسرائیلی فوج نے ان کے پلازے کو مسمار کرکے بہت بڑا ظلم کیا ہے اور وہ اس ظلم کے خلاف عالم فوج داری عدالت میں آواز اٹھائیںگے۔
خیال رہے کہ 15 مئی کو اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں بمباری کے دوران جواد مہدی کے پلازے کو تباہ کردہا تھا۔ یہ 13 منزلہ عمارت تھی جس میں زیادہ تر ذرائع ابلاغ کے دفاتر اور رہائش گاہیں تھیں۔
انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی بمباری کا نوٹس لیں اور غزہ پر کی گئی بے رحمانہ بمباری کے خلاف عالمی اداروں میں آواز اٹھائیں۔