اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے جماعت کے اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ان کے شاہی محل میں ملاقات کی۔
حماس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسماعیل ھنیہ نے امیر قطرسے ملاقات میں قطر کی طرف سے فلسطینی قوم کی حمایت اور ان کےساتھ اظہار یکجہتی پران کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اسماعیل ھنیہ نے امیر قطر کہ طرف سے سفارتی کوششوں اور فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں کے خلاف جرات مندانہ موقف اختیار کرنے کو سراہا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کی قیادت نے امیر قطرسے ملاقات میں میں غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت، مسجد اقصیٰ ،القدس اور الشیخ جراح کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔
دوسری جانب امیر قطر نے اسماعیل ھنیہ کو فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے فلسطینی قوتوں کی صفوں میںاتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقعے پر جماعت کے سیاسی شعبے کے ارکان موسیٰ ابو مرزوق، محمد نزال، حسام بدران اور عزت الرشق بھی موجود تھے۔