ترکی نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم کےخلاف اسرائیلی ریاست کے مظالم کے خلاف ہرفورم اور ہرسطح پرآواز بلند کی جائے گی۔
ترک ایوان صدر کےرابطہ کاری کے شعبے کے سربراہ فخر الدین الطوان نے کہا کہ ان کا ملک تمام فورم پر فلسطینیوں کے خلاف جرائم کے ارتکاب کی قیمت چکانے پر اسرائیل کو مجبور کرے گا۔
ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ اسرائیل فلسطینی قوم کے خلاف جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ انہوں نے غزہ میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جنگ بندی کے چند گھںٹوں کے بعد مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی مداخلت کو جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا۔
الطون کے کہا کہ مسجد اقصیٰ کے نمازیوں پر صوتی بموں اور گولیوں کا استعمال کھلی دہشت گردی ہے۔ جنگ بندی کے بعد اسرائیل کے لیے مناسب نہیں کہ وہ اس طرح کی مجرمانہ سرگرمیوں کا ارتکاب کرے۔
ترک عہدیدار کا کہنا تھا کہ اسرائیلی ریاست نے ثابت کیا ہے کہ اس نے سنہ 2008، 2009ء، 2012،2014ء اور 2018ء کی غزہ کی پٹی پر مسلط جنگوں کے بعد کیے گئے معاہدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
فخرالدین الطون نے کہاکہ ترکہ فلسطینی قوم کی حمایت اور ان کی مدد جاری رکھے گا۔ ترکی نے فلسطینی قوم کے حقوق کے لیے ہرفورم پر آواز اٹھائی ہے اور انقرہ آئندہ بھی فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیلی جرائم کے خلاف آواز بلند کرے گا۔