قومی اسمبلی نے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ پیر کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں اسرائیلی جارحیت سے نبرد آزما مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے قرار داد پیش کی گئی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پیش کردہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد کو قومی اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مربوط آپریشن کی مذمت کرتا ہے۔
قرارداد میں واضح طور پر کہا گیا کہ قبلہ اول مسجد اقصی پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔قرارداد میں کہا گیا کہ نہتے فلسطینیوں پر بڑھتی بربریت باعث تشویش ہے، ایوان فلسطینیوں کے لیے آزاد خودمختار ریاست کا مطالبہ کرتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے سلامتی کونسل سے فوری اقدام کا مطالبہ کرتے ہیں، ایوان مطالبہ کرتاہے فلسطینیوں کی نسل کشی فوری بند کروائی جائے۔قرارداد میں کہا گیا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے فضائی حملے جنگی جرائم کی بدترین مثال ہیں، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اس معاملے پر آزادانہ کمیشن بنائیں۔قومی اسمبلی سے متفقہ طور پر منظور کی گئی قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ آزادانہ کمیشن فلسطینیوں کی نسل کشی کے معاملے کی تحقیقات کرائے۔