جمعه 15/نوامبر/2024

غزہ پر اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے مصر، ترکی اور قطر متحرک:مشعل

ہفتہ 15-مئی-2021

اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے بیرون ملک سیاسی شعبے کے انچارج خالد مشعل نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے مصر، ترکی، قطر اور امریکا نے کوششیں تیز کردی ہیں۔

ترکی کے ‘ٹی آر ٹی’ ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے خالد مشعل نے کہا کہ ہمارے دو مطالبات ہیں۔ غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی جارحیت روکی جائے اور اسرائیلی فوج مسجد اقصیٰ سے نکل جائے اور فلسطینیوں کو قبلہ اول میں آزادانہ عبادت کا حق دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ الشیخ جراح میں اسرائیل کو فلسطینیوں‌کے خلاف جرائم بند کرنا اور حراست میں لیے گئے تمام فلسطینیوں‌کو رہا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ریاست آگ سے کھیل رہی ہے۔ مسجد اقصیٰ پر دھاووں کے حالیہ بحران کو غزہ کی پٹی پر جنگ کے لیے ایک جواز کے طورپر استعمال کیا گیا ہے۔

خالد مشعل کا کہنا تھا کہ قابض ریاست کے ساتھ جاری محاذ آرائی فلسطینیوں کی قومی جنگ ہے جو وطن عزیز کی قابض ریاست کے تسلط سے آزادی تک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت فلسطینیوں کو اپنے حقوق اور مزاحمت کے حق سے محروم نہیں کرسکتی ہے۔ آخر کار فتح اور نصرت القدس اور مسجد اقصیٰ کی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں مزاحمتی قوتوں نے ناکہ بندی کے باوجود اپنی دفاعی صلاحیت کو مزید بہتر ثابت کیا ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی