فلسطینی اسیران اسٹڈی سینٹرکی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج کی طرف سے ماہ صیام کے دوران روزانہ کی بنیاد پر فلسطینیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہا۔ گھر گھر تلاشی کی کاررائیوں کے دوران ماہ صیام میں اب تک 250 فلسطینی روزہ داروں کوجیلوں میں ڈالا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسیران اسٹڈی سینٹرکی رپورٹ کے مطابق ماہ صیام میں سب سے زیادہ گرفتاریاں مقبوضہ بیت المقدس میں الشیخ جراح سے فلسطینیوں کی بے دخلی کے خلاف ہونے والے احتجاج کے دوران عمل میں لائی گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قابض فوج نے گرفتاری کے وقت فلسطینیوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی روز داروں کے جسم کی ہڈیاں تک ٹوٹ گئیں۔ کئی شہریوں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کرنا پڑا۔
ماہ صیام کے دوران اسرائیلی فوج کی طرف سے القدس میں خاص طور پر تلاشی مہم جاری رکھی گئی جس میں فلسطینی نمازیوں اور مسجد اقصیٰ میں عبادت کے لیے آنےوالوں کو چن چن کر نشانہ بنایا گیا۔ قابض فوج نے تلاشی مہم کے دوران لوٹ مار اور توٹ پھوڑ کا عمل بھی جاری رکھا۔