چهارشنبه 30/آوریل/2025

فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کا حساب لیا جائے: حماس

بدھ 28-اپریل-2021

اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے انسانی حقوق کی تنظیم’ہیومن رائٹس واچ’ کی اس رپورٹ کا خیر مقدم کیا ہے جس میں عالمی ادارے نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف منظم انداز میں جنگی جرائم اور نسلی امتیاز کے مظالم کا مرتکب ہو رہا ہے۔

اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے ترجمان حازم قاسم نے منگل کے روز ایک بیان میں ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ یہ رپورٹ مکمل اور سو فی صد حقائق کے مطابق اور نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کے حوالے سے ہمارے موقف کی مکمل تائید کرتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ میں انسانیت کے خلاف جرائم کی مذمت کرکے دنیا پر واضح‌کیا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست منظم انداز میں جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کے بعد عالمی برادری کو اسرائیلی ریاست کا محاسبہ کرنے اور جرائم کی تحقیقات کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کرنا ہوگا۔

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ اسرائیل، مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں اور اپنے عرب شہریوں کے خلاف اپارتھائیڈ (نسلی امتیاز) اور ریاستی جبر و استبداد کے جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔

تنظیم نے اپنی ایک نئی رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیل کی حکمت عملی یہ ہے کہ اپنے عرب شہریوں سمیت مقبوضہ علاقوں کے ’فلسطینیوں پر یہودی اسرائیلیوں کے تسلط‘ کو قائم رکھا جائے۔

یاد رہے کہ اپارتھائیڈ سے مراد نسلی امتیاز کی ایسی پالیسی ہے جسے ریاست کی حمایت حاصل ہواور اسے انسانیت کے خلاف ایک جرم تصور کیا جاتا ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی