خلیجی ریاست کویت کی سول سوسائٹی کی 16 تنظیموں نے بیت المقدس میں فلسطینیوں کی طرف سے قابض اسرائیلی ریاست کے مظالم کےخلاف شروع کی گئی تحریک کی حمایت اور اہالیان القدس کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کویت کی سوسل سوسائٹی کی 16 تنظیموں کی جانب سے بیت المقدس کو یہودیانے کےلیے جاری اسرائیلی سازشوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
تنظیموں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بیت المقدس کے فلسطینی باشندے اس اعتبار سے تحسین کے مستحق ہیں کہ وہ صہیونی ریاست اور یہودی آباد کاروں کے منظم حملوں کا ثابت قدمی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے دفاع القدس کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ مسجد اقصیٰ کے باب العامود کو بند کرنے کی اسرائیلی سازش کا جس ہمت اور بہادری کے ساتھ القدس کے باشندوں نے مقابلہ کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ القدس کے فلسطینی باشندوںنے شہر کویہودیانے کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کی قربانیوں اور جدو جہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صہیونی ریاست کے سرکاری ادارے، اسرائیلی فوج اورپولیس یہودی آباد کاروں کے ساتھ مل کر بیت المقدس کو یہودیانے اور فلسطینی باشندوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہودی آباد کاروں کےقبلہ اول پر منظم دھاوے اور اسرائیلی فوج کی طرف سے ان کی سرپرستی القدس کو یہودیانے کی اسرائیلی سازشوں کا حصہ ہے۔