چهارشنبه 30/آوریل/2025

فلسطینیوں پر دباو آتش فشاں بن کر پھٹ سکتا ہے:عکرمہ صبری

منگل 20-اپریل-2021

مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ قابض اسرائیلی ریاست کی طرف سے بیت المقدس فلسطینی نمازیوں اور روزہ داروں پر مسجد اقصٰی میں داخلے پرپابندیاں ناقابل قبول ہیں۔ اگر القدس کے باشندوں پر دبائو برقرار رہا تو حالات آتش فشاں بن کر پھٹ سکتے ہیں اور اس کی تمام تر ذمہ داری اسرائیلی ریاست پرعاید ہوگی۔

ایک بیان میں الشیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ بیت المقدس کے فلسطینی باشندوں کو قابض ریاست کے غرور اور گھمنڈ کا سامنا ہے۔ جیسے جیسے صہیونی ریاست کے غرور میں اضافہ ہوتا ہے ایسے ایسے بیت المقدس کے  باشندوں کی ثابت قدمی بڑھتی ہے۔  القدس کے فلسطینی باشندے مسجد اقصیٰ کےدفاع اور آئینی حقوق کےحصول کے لیے زیادہ موثر طریقے سے کوششیں‌کرتےہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کے فلسطینیوں کے حوصلے پست کرنے کی تمام سازشیں ناکام رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کے فلسطینیوں کو ماہ صیام کے موقعے پر مسجد اقصیٰ میں داخلے اور عبادت سے روکنا۔ نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنانا اور انہیں گرفتار کرنا فلسطینیوں کی مذہبی آزادیاں سلب کیے جانے کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے مسجد اقصیٰ کے لائوڈ اسپیکروں کی تاریں کاٹنے کی مذمت کی اور کہا کہ اسرائیلی ریاست مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں کی آمدو رفت اور عبادت کو اپنے لیے خطرے کا باعث سمجھتی ہے۔

الشیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ باب العامود،باب الساھرہ، شاہراہ صلاح الدین اور بیت المقدس کے دیگر تمام اہم مقامات پر فلسطینیوں اور قابض دشمن کے درمیان ہونےوالی جھڑپوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ القدس کے فلسطینی ہرقیمت پر قبلہ اول کے دفاع کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر دبائو ڈالنے کے لیے القدس کےشہریوں کو گرفتار کرنے اور انہیں تشدد کرکے زخمی کرنے کی پالیسی اپنائی ہے۔ چند روز کے دوران بیت المقدس سے 30 روزہ دار گرفتار اور 270 زخمی ہوچکے ہیں۔

 

مختصر لنک:

کاپی