فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی طیاروں کی کل جمعہ کے روز کی گئی بمباری پر ترکی نے شدید مذمت کی ہے۔
ترکی کے ایوان صدر کے ترجمان ابراہیم قالن نے ایک ٹویٹ میںکہا ہے کہ ہم ماہ صیام کے موقعے پر غزہ کی پٹی پر اسرائیلی طیاروں سے بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ترکہ مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ ہے اور ہم اسرائیل ریاست کے ظلم کی ہر سطح پر مذمت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اسرائیلی حکومت سے غزہ کی پٹی پر بمباری فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔
ادھر ترکی کی حکمراں جماعت ‘آق’ نے بھی غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔
ترکی کی حکمراں جماعت کے ترجمان مر جلیلک نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایک بار پھرغزہ کی پٹی کے عوام کو ماہ صیام میں آگ وخون میں نہلانے کا وحشیانہ سلسلہ شروع کردیا ہے۔ ہم فوری طور پر حملے روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی حکومت نے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔