چهارشنبه 30/آوریل/2025

مصر:ٹرینوں کے حادثے میں 32 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

ہفتہ 27-مارچ-2021

جمعہ کے روز سوھاج گورنری میں طہطا کے مقام پر دو مسافر ریل گاڑیوں کے آپس میں تصادم کے نتیجے میں کم سے کم 32 افراد ہلاک اور ایک سو سے زاید زخمی ہوگئے ہیں۔

مصری وزارت صحت کے مطابق سوھاج حادثے کے بعد علاقے میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے اور 36 ایمبولینس گاڑیوں کی مدد سے زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ تمام امدادے ادارے اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور زخمیوں کو وہاں سے نکالنے میں مدد کررہی ہیں۔

وزارت صحت نے اس المناک حادثے میں 32 افراد کی ہلاکت کی  تصدیق کی ہے اور حادثے میں کم سے کم 108 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔

یہ قیامت خیز حادثہ شمالی سوھاج کے طہطا مرکز میں الصوامعہ کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب مخالف سمت سے آنے والی دو ٹرینیں ایک دوسرے کے ساتھ ٹکرا گئیں۔

مصری وزیراعظم ڈاکٹر مصطفیٰ بدبولی نے حادثے کی خبر سنتے ہی تمام ریاستی اداروں کو متحرک کردیا اور جائے حادثہ پرفوی امدادی آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے حادثے کے حوالے سے کرائسز سیل میں انفارمیشن سینٹر قائم کردیا ہے جو حادثے کے حوالے سے ضروری معلومات وزیراعظم ہائوس کو فراہم کر رہا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق مسافر ٹرین نمبر 157 اور 2011 کے آپس میں ٹکرانے کے بعد 36 ایمبولینس گاڑیوں کو جائے حادثہ کی طرف روانہ کیا گیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی