اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے ایک سرکردہ رہ نما ڈاکٹر عدنان ابو تبانہ گذشتہ روز کرونا کی وبا کے نتیجے میں دم توڑ گئے۔ ڈاکٹر عدنان کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے تھا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق حماس رہ نما ڈاکٹر عدنان یونس عبدالمجید ابو تبانہ چند روز قبل کرونا کا شکار ہونے کے بعد اسپتال منتقل کیے گئے تھے۔
ابو تبانہ کی وفات سے چند گھنٹے قبل سرکردہ فلسطینی رہ نما عمر البرغوثی ‘ابو عاصف’ کرونا کے باعث دم توڑ گئے تھے۔
ڈاکٹر ابو تبانہ کو آج جمعہ کے روز الخلیل شہر میں نماز جمعہ کے بعد مسجد عثمان بن عفان سے متصل قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
ڈاکٹر ابو تبانہ غرب اردن بالخصوص الخلیل شہر سے تعلق رکھنے والے رہ نما اور حماس کے سرکردہ لیڈر تھے۔ انہیں سنہ 1994ء کے بعد ان کی وفات تک اسرائیلی فوج نے 16 بار گرفتار کیا جب کہ فلسطینی اتھارٹی کی پولیس نے بھی انہیں سیاسی بنیادوں پر کم سے کم سے کم پانچ بار گرفتار کیا۔
حماس نے ایک بیان میں ڈاکٹر عدنان ابو تبانہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔