فلسطینی محکمہ امور اسیران کے مطابق صہیونی زندانوں میں پابند سلاسل ایک فلسطینی شہری نے مسلسل 35 دن سے انتظامی قید کے خلاف بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسیر عماد البطران کو اسرائیلی حکام نے 27 جنوری 2020ء کو گرفتاری کے بعد انتظامی قید میں ڈال دیا تھا۔ ان کی انتظامی قید میں متعدد بار توسیع کی گئی ہے۔ اسیر البطران نے 21 جنوری کو اپنی انتظامی قید میں توسیع کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ ان کی موجودہ انتظامی قید کی آخری تاریخ 17 مئی 2021ء ہے مگر خدشہ ہے کہ ان کی مدت حراست میں مزید توسیع کی جائے گی۔
اسیر البطران الرملہ حراستی مرکز میں ہیں اور ان کی مدت حراست میں مسلسل چار بار توسیع کی جا چکی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق 47 سالہ اسیر البطران کا تعلق غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل سے ہے اور وہ معدے اور کئی دوسرے جسمانی عوارض کا شکار ہیں۔
یہ ان کی پہلی گرفتاری نہیں بلکہ وہ صہیونی زندانوں میں 10 سال قید کاٹ چکے ہیں اور وہ 2013ء میں 105 دن اور 2016 میں انتظامی قید کے خلاف 35 دن مسلسل بھوک ہڑتال کرچکے ہیں۔