اسرائیلی ذرائع ابلاغ کےمطابق بدھ کے روز بیت المقدس میں العیزریہ کےمقام پر گاڑی کی ٹکر سے ایک اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوگیا جب کہ حملہ آور موقع سے بہ حفاظت فرار ہوگیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق العیزریہ کے مقام پرایک نامعلوم فلسطینی کار سوار نے اپنی کار کی ٹکر مار کر ایک اسرائیلی فوجی کو زخمی کردیا۔ واقعے کے بعد فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاہم کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
زخمی ہونے والے اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری طرف اسرائیلی فوج نے دعویٰ کہا ہے کہ فوجی اہلکار کو ٹکر مارنے والی گاڑی پر اسلحہ بھی دیکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ مغربی بیت المقدس میں گذشتہ فروری کے بعد سے اب تک فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپوں میں 23 اسرائیلی فوجی زخمی ہوچکے ہیں۔