فلسطینی الیکشن کمیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رواں سال فلسطین میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے لیےامیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آغاز ہوگیا ہے۔ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں نے کل ہفتے کے روز سے کاغذات نامزدگی جمع کرنا شروع کردیے ہیں۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 مارچ 2021ء ہے۔ اس دوران سرکاری تعطیل کے روز کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے جائیں گے۔کاغذات نامزدگی غزہ کی پٹی اور غرب اردن میں قائم الیکشن کمیشن کے مراکز میں جمع کرائے جا رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی کے لیے امیدوار کا کسی سیاسی جماعت کے ساتھ وابستہ ہونا ضروری ہے۔ آزاد امیدوار کے طور پر کسی کے کاغذات نامزدگی قبول نہیں کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ کسی بھی سیاسی دھڑے کے لیے امیدواروں کی کم سے کم تعداد 16 اور زیادہ سے زیادہ 132 مقرر کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ فلسطین میں رواں سال مئی میں پارلیمانی انتخابات، جولائی میں صدارتی اور اگست میں نیشنل کونسل کے انتخابات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔